پی آئی اے، اسٹیل مل،ریلوے ملازمین نکالنا غیرآئینی ہے، رضا ربانی


اسلام آباد:سابق چیرمین سینٹ و پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز(پی آئی اے) ،اسٹیل ملز اور ریلوے سے ملازمین کو نکالنا غیرآئینی ہے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ تینوں اداروں کی نجکاری کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومت کا حصہ رہنے والے لیبر مخالف قوانین بنا رہے ہیں۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ تینوں ادارے فیڈرل لیجسلیٹولسٹ پارٹ ٹو کے تحت کام کرتے ہیں، مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کے بغیر اداروں کے حوالے سے فیصلے نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ون یونٹ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے سادگی مہم و ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے اعلان کیا تھا کہ ہم قومی ایئر لائن کے ملازمین کی تعداد 14 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار اور پاکستان اسٹیل ملز کو لیز کرنے جا رہے ہیں۔