شیخ رشید نے وزیراعظم کو ضدی قرار دے دیا


اسلام آباد:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک سے عمران خان کو کوئی خطرہ نہیں حکومت پانچ سال پورے کرے گی جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں۔اپوزیشن بند گلی میں جا رہی ہے عوام اپنی زندگیوں کا خود فیصلہ کریں سیاسی خود کشی نہ کریں۔

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں تصادم دکھائی نہیں دے رہا عوام کو جمع کیے بغیر اپوزیشن اپنی بات پہنچاسکتی ہے کورونا پھیل گیا تو حالات کنٹرول سے باہر ہو سکتے ہیں حکومت کو ملک بھر میں ماسک مفت تقسیم کرنے کی تجویز دی ہے .

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک سے عمران خان مضبوط ہونگے۔عمران خان کہیں نہیں جا رہے پانچ سال پورے کریںگے۔عمران خان کو اسمبلی کے علاوہ کوئی نہیں ہٹا سکتا پی ڈی ایم  کے بیانیے کی وجہ سے ن لیگ کمزور اور عمران خان مضبوط ہوا اپوزیشن کا سڑکوں پر نکلنا بند گلی میں جانے کے مترادف  ہے اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کو سیاسی طاقت دے رہی ہیں جلسوں سے میں نے کبھی حکومت جاتی نہیں دیکھی ۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ مجبوری میں نواز شریف کو جانے کی اجازت دی۔حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات  کی ضرورت ہے مہنگائی،بیروزگاری  کے خاتمے کے لیے بیٹھ کر بات ہو سکتی ہے جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتی اپوزیشن بند گلی میں جارہی ہے۔عوام اپنی زندگیوں کا خود فیصلہ کریں سیاسی خود کشی نہ کریں عوام نے انہیں سننا ہی ہے تو ٹی وی پر سنیں عمران خان ضدی سیاستدان ہے اپنے فیصلے میں لچک پیدا نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ سے استعفے دیکر اپنا ستیاناس نہیں کروانا چاہتی۔فضل الرحمن آصف علی زرداری  کے پاس گئے تھے  زرداری نے انکار کر دیا۔آخر میں ن لیگ اور فضل الرحمن ایک ہونگے پیپلز پارٹی فاصلہ رکھے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے کے خلاف کئی لوگ پارٹی چھوڑیں گے۔