اپوزیشن عمران خان ، کورونا دونوں سے نجات دلائے گی، شیری رحمان


اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ اپوزیشن عمران خان اور کورونا وائرس دونوں سے عوام کو نجات دلائے گی، جب حکومت ہاتھ سے نکلنے لگی تو عمران خان کورونا وائرس کی صدائیں لگانے لگے ۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں کے بہانے عمران خان کو کورونا کا خیال تو آیا۔شیری رحمان نے کہا کہ جب حکومت ہاتھ سے نکلنے لگی تو عمران خان کورونا وائرس کی صدائیں لگانے لگے، جس کورونا کو عمران خان معمولی زکام کہتے تھے، آج اس کا نام لے کر ڈرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو اپنے تیور دکھائے تو انہیں کورونا یاد آگیا جبکہ پہلے عمران خان کورونا کو سندھ حکومت کا بہانہ کہتے کہتے نہ تھکتے تھے، عمران خان وضاحت کریں کہ کیا کورونا وائرس صرف اپوزیشن کے جلسوں سے پھیلتا ہے؟۔شیری رحمان نے عمران خان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کبھی خود بھی عوامی مقامات پر ماسک پہن لیا کریں، جس تصویر میں دیکھو، عمران خان بغیر ماسک کے نظر آتے ہیں اور دوسروں کو تلقین کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس ، خیبر پختونخوا میں 38 سرکاری سکول بند

ا نہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے اپوزیشن کے جلسے ہوں گے، عمران خان خود تو کورونا وائرس کی ایس او پیز کا خیال نہیں رکھتے اور دوسروں پر اعتراض کررہے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن کے جلسوں کی پیروی کرتے ہوئے ملک میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کا نفاذ کریں۔