آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن،انٹری پوائنٹس پرچیکنگ مزید سخت کی جائے گی


مظفرآباد:کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء کی زیر صدارت کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے حکومتی لاک ڈاون کے فیصلہ پر عملدرآمد کے حوالہ سے انتظامیہ اور پولیس کا اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا ۔

اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس راجہ شہریار سکند ر ، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد عبدالحمید کیانی ، سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس سردار یٰسین بیگ سمیت انتظامیہ اور پولیس کے آفیسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے لاک ڈاون کے فیصلہ پر بھرپو ر انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ دوران لاک ڈائون اشیاء ضروریہ کی دوکانوں کے علاوہ باقی دوکانوں کو کھلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ انٹری پوائنٹس پر چیکنگ مزید سخت کی جائے گی اور شادی ہالز کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا ۔ پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی SOPs کے مطابق عملدرآمد کر دیا جائے گا ۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلہ جات پر عملدرآمدیقینی بنانا انتظامیہ اور پولیس کی ذمہ داری ہے ۔

کرونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران لاک ڈاون پر عملدرآمد کروانے میں انتظامیہ اور پولیس نے بھرپور کردار ادا کیا جس کی وجہ سے پہلے مرحلے میں اس وباء کے پھیلائو کی صورتحال کنٹرول میں رہی ۔انہوںنے کہا کہ کرونا وائرس کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک اور زیادہ لوگ اس سے متاثر ہورہے ہیں ۔ انتظامیہ اور پولیس لاک ڈائون کے دوران حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروائے تاکہ لاک ڈائون کے دوران اس وباء کی چین کو توڑا جاسکے اورمزید لوگ اس مہلک وباء سے متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے لاک ڈاون کا فیصلہ شہریوں کی جانوں کو بچانے کے لیے کیا گیا ہے ۔انتظامیہ اور پولیس حکومتی فیصلہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔