لوک ورثہ میلہ میں اشیاء کی مہنگے داموں فروخت پرخریداری میں کمی آگئی


اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت کے لوک ورثہ میں جاری علاقائی میلہ میں اشیائے ضروریہ اور مصنوعات کی  مہنگے داموں فروخت پر خریداری میں  کمی آگئی، قیمتوں کے معائنہ کار نظر نہیں آتے۔

تفصیلات کے مطابق لوک ورثہ میلے میں اشیاء کی کئی گنا زیادہ قیمتوں پر فروخت سے خریداری میں کمی آگئی ہے۔کھانے پینے کی اشیاء سمیت مصنوعات کی قیمتیں بھی زیادہ ہیں، عوامی حلقوں نے  اسٹالز والوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ مناسب قیمت پر اشیاء فروخت کریں  تو خریداروں کا رش بڑھ جائے گا اور شہریوں کی بڑی تعداد اس میلے کا رخ کرلے گی اور ان کی مصنوعات کی مانگ میں مزید اضافہ  ہو جائے گا۔

سروے کے مطابق ان اسٹالز پر رش بڑھتا جارہا ہے جہاں سیل لگی ہوئی ہے ان میں دھاگوں اور کشیدہ کاری سے بنائے گئے کپڑے نمایاں ہیں، جبکہ دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا رجحان  دیکھنے میں نہیں آیا۔ عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ اگر قیمتیں کم ہو جاتی ہیں  تو ان اسٹالز پر مصنوعات ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو جائیں گی۔

زیادہ فروخت کے نتیجے میں اسٹالز والوں کو مناسب منافع بھی مل جائیں گے۔ جبکہ زیادہ قیمتیں ہونے کی وجہ سے خریداری بھی کم ہورہی ہے اور یہ اسٹالز والے اپنا سامان لے جانے پر مجبور ہوں گے۔ بیلنس اپروچ  اختیار کرتے ہوئے اسٹالز پر قیمتوں میں  ردوبدل ضروری ہے۔