علمائے کرام قومی یکجہتی،بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کو فروغ دیں،صدر مملکت

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ علمائے کرام قومی یکجہتی، مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کو فروغ دیں، قرآن، سنت اور احادیث نبوی ۖ کی روشنی میں اسلام کی حقیقی تعلیمات اجاگر کرکے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔پاکستان میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کیلئے انسداد انتہا پسندی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں علمائے کرام کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے علما مشائخ یکجہتی کونسل آف پاکستان کے وفد نے بدھ کے روز ایوان صدر میں ملاقات کی ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی ، سماجی اصلاح میں کردار ادا کرنے کیلئے علمائے کرام پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ملک کے علمائے کرام و مشائخ مثبت سماجی تبدیلی لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔، صدر مملکت کا کہنا تھا کہ معاشرے میں انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے علما اخلاقی اقدار ، وسائل کی بچت  کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مذہبی اسکالرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو لوگوں بالخصوص ملک کے نوجوانوں میں عام کریں۔علمائے کرام سماجی اصلاحات لائیں ، معاشرے میں نیکی اور اخلاقیات کو فروغ دیں۔

پاکستان نظم و ضبط، استقامت، اخلاقی راستبازی اور سماجی انصاف کو فروغ دے کر ترقی کر سکتا ہے۔علمائے کرام کو معاشرے سے تفریق دور کرنے کیلئے ٹھوس کوششیں کرنی چاہئیں ۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علمائے کرام ملک کے اندر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں۔ نوجوانوں کو رواداری، عفو و درگزر اور امن کی تعلیم دی جائے ۔اسلام نے وسائل کے ضیاع سے گریز کرنے پر زور دیا۔ علمائے کرام مساجد میں خطبات جمعہ کے ذریعے قومی وسائل ، ایندھن اور توانائی کے پراعتدال، ذمہ دارانہ اور پائیدار استعمال کو فروغ دینے میں مدد کریں۔