سلیکٹڈ حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، مسلم لیگ ن


اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ(ن) نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ کامیاب جلسوں سے  سلیکٹڈ حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، بھارتی میڈیا کے زیراثر غداری کے اوچھے بیانیے کا پرچار حکومتی شکست خوردگی کی علامت ہے فسطائیت اور سیاسی انتقام میں پاگل سلیکٹڈ وزیراعظم کی اوچھی اور خلاف قانون حرکتیں ان کا ڈولتا اقتدار بچا نہیں سکتیں  خیبرپختونخوا میں بھی  پی ڈی ایم کا تاریخی جلسہ ہوگا  مستقبل میں اس سے بھی زیادہ قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا ۔

  آج  پارٹی اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سیکریٹری جنرل احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،نائب صدر مریم نوازشریف، سینیٹر پرویز رشید، مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خاں، خواجہ سعد رفیق، انجینئر خرم دستگیر خان، میاں جاوید لطیف، ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق  ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہی، خارجہ پالیسی کو ناکام  قرار دیتے  ہوئے اظہار  تشویش کیا گیا ہے  ملک کی داخلی اور خارجی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا

۔اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ کے کامیاب جلسوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ عوام پی ڈی ایم کی سیاسی جدوجہد میں جس جوش وجذبے کا اظہار کررہے ہیں، اور جلسوں میں شرکت کررہے ہیں،اس سے سلیکٹڈ حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔ سلیکٹڈ حکومت کا پراپگنڈے کے محاذ پر ایڑیاں رگڑنا اور بھارتی میڈیا کے زیراثر غداری کے اوچھے بیانیے کا پرچار شکست خوردگی کی علامت ہے۔

اجلاس نے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف منفی اشتہاری مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قرار دیا کہ وضاحت جاری ہونے کے باوجود اس نوعیت کے ہتھکنڈے دراصل عوام کی توجہ مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہی،خارجہ پالیسی سمیت ہر محاذ پر بدترین نالائقی وناکامی اور حکومتی کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم کے جلسوں کو بھرپور کامیاب بنانے کے لئے عوام اور کارکنان کو فعال کیاجائے گا ۔پاکستان مسلم لیگ(ن)پی ڈی ایم اور پارٹی کے پلیٹ فارم سے ووٹ چوری کے خلاف اور عوام کے آئینی، قانونی، جمہوری اور معاشی حقوق کے لئے تاریخی کردار ادا کررہی ہے اور مستقبل میں اس سے بھی زیادہ قوت سے اپنا کردار ادا کرے گی اور کسی بھی قیمت پر اپنے بنیادی نصب العین سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اجلاس نے پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد  شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف  محمد  حمزہ شہباز شریف کو جیل میں قانونی سہولیات نہ دینے کی وزیراعظم عمران خان کی آئی جی جیل خانہ جات کو دھمکی کی شدید مذمت کی اور قرار دیا کہ فسطائیت اور سیاسی انتقام میں پاگل سلیکٹڈ وزیراعظم کی اوچھی اور خلاف قانون حرکتیں ان کا ڈولتا اقتدار بچا نہیں سکتیں۔ اجلاس نے شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی آئین، قانون، جمہوریت، پارٹی نظریہ کے لئے قربانیوں اور سیاسی انتقام کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس نے پارٹی رہنماوں اور کارکنان کے جذبے کو بھی سراہا کہ وہ قائدمحمد نوازشریف کی قیادت میں پورے عزم اور جرات سے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں پارٹی کے مستقبل کے پروگراموں، سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی جدوجہد کے حوالے سے بھی لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی اجلاس جاتی عمرہ میں ہوا اور اعلامیہ پارٹی کے سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا ہے ۔