کورونا وائرس کے دوران شاندارکارکردگی،الخدمت فاؤنڈیشن کیلئے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ


لاہور:کورونا وائرس کے دوران شاندار اور غیر معمولی کام کرنے والی رفاہی تنظیم الخدمت فاونڈیشن کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایواڈر سے نوازا گیا،صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی  نے الخدمت فاونڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور کو اس ایوارڈ سے نوازا، ایوارڈ کی تقریب گذشتہ روزگور نر ہائوس لاہور میں منعقدکی گئی،

جسکے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تھے جبکہ اس موقعہ پر گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور ،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ،صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان ،صوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اختر ملک ،صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید،صدر پاکستان کی اہلیہ ثمینہ علوی ،گور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور اور کورونا سے شہید ہونیوالے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے اہل خانہ بھی شر یک ہوئے،

تقریب  میں صدر  مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس کے دوران غیر معمولی کام کرنے والی رفاہی اور تجارتی تنظیموں میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ تقسیم کئے۔اس موقع پر گورنر ہاوس میں ایک دیوار بھی کورونا کے شہدا ، رفاہی تنظیموں اور فرنٹ لائن پر کام کرنے والے اہم سرکاری اداروں کے ناموں سے سجائی گئی تھی ،رفاہی تنظیموں میں الخدمت فاونڈیشن کا نام سرِ فہرست رہا ۔ گورنر پنجاب نے اپنی تقریر میں بھی رفاہی تنظیموں میں الخدمت فاونڈیشن پاکستان کا نام سب سے پہلے لیا۔

الخدمت فائونڈیشن پاکستان کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا ،یہ ایوارڈ الخدمت فائونڈیشن کے صدر ر محمد عبدالشکور نے ڈاکٹر عارف علوی سے وصول کیا ، تقریب میں کورونا کے دوران فر نٹ پر لڑ نیوالے 38کورونا ہیروز کو ”شان پاکستان ”ایوارڈ سے نوازا گیااس موقع  پر  الخدمت فائونڈیشن کے صدر ر محمد عبدالشکور نے کہا کہ یہ سب کچھ صرف الخدمت کے رضا کاروں کی ان تھک محنت اور اللہ کے کرم کا نتیجہ تھا ، بظاہر یہ ایوارڈ میرے ہاتھ وصول کر رہے تھے، مگر اصل میں یہ ایوارڈ ریاست پاکستان الخدمت کے ان ہزاروں بے خوف، جفاکش اور بے غرض رضاکاروں کوعطا کر رہی تھی، جو تھکے اور رکے بغیر صبح و شام تنگ، بند اور ننگ گلیوں میں بھوک سے مارے غیور ہم وطنوں میں راشن، ماسک اور ادویات تقسیم کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ یہ ایوارڈ ان جانثار پاکستانیوں کو بھی مل رہا تھا  جو وطن سے دور جدہ، ریاض، کویت، قطر، لندن، اوسلو، جرمنی، نیویارک اور ٹورانٹو میں ایک ایک فرد تک پہنچ کر فنڈ جمع کر رہے تھے کہ کوئی پاکستانی کھانے یا علاج کے بغیر ، تڑپتے سِسکتے رات نہ گزار دے۔اور یہ ایوارڈ ان کو بھی مل رہا تھا جو صبح  و شام بظاہر محض فون لائینوں سے جڑے ہوئے تھے مگر ساری سرگرمیوں میں مظبوط پل کا کردار انجام دے رہے تھے۔رپورٹنگ اور بھروسے کو مستحکم بنا رہے تھے،صدر الخدمت فاونڈیشن پاکستان نے کہا کہ کہ تصویر میں نظر آنے والے یہ دو چہرے دراصل دو ادارے ہیں جن کا اپنا وجود استعارہ کے سواکچھ اورنہیں۔اِن دیکھے، ان دیکھے رضاکاروں تک میراسلامِ صد احترام پہنچے۔

تقریب سے خطاب کے دوران صدر پاکستان عارف علوی نے کہا کہ کورونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کو آج پوری دن تسلیم کر رہی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے احساس پروگرام کے تحت غر یبوں کی بھر پور مدد کر کے انسانیت دوستی کی ایک اعلی مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں پاکستانی مخیر حضرات نے جس جذبہ کا اظہار کیا ہے وہ بھی پوری دنیا میں ایک مثال ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کوئی مشکل وقت آتا ہے تو پاکستانی قوم متحد ہو کر حالات کا مقابلہ کرتی ہے ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا کے خلاف فر نٹ لائن پر لڑ نیوالے ہیروز کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا کے دوران شہید ہونیوالے ڈاکٹرز کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے وہ کم۔ اُنہوں نے کہا کہ تاریخ میں ان لوگوں کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا۔