پاکستان کی فلسطین کے شہر جنین پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے فلسطین کے شہر جنین پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں ایک معمر خاتون سمیت متعدد بے گناہ فلسطینی شہید اور 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ماہ رواں میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 30 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کی ان کارروائیوں کو رکوانے اور فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کے مناسب تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنی ذمہ داری ادا کرے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق بشمول حق خود ارادیت کے مکمل حصول کے لیے ان کی جائز جدوجہد کی اپنی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان کی حکومت اور عوام متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اس وحشیانہ حملے میں زخمیوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف کو اس کے دارالحکومت کے طور پر ایک قابل عمل اور آزاد فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتا ہے۔۔