پی ٹی اے کا ٹک ٹاک ایپ کی مشروط بحالی کا فیصلہ

اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )نے ملک بھر میں ٹک ٹاک ایپ پر سے مشروط پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کی طرف سے بے حیائی پر مبنی اور غیر اخلاقی ویڈیوز میں بار بار ملوث پائے جانے والے اکاونٹس کو بلاک کرنے کی یقین دہانی کے بعد ٹک ٹاک ایپلی کیشن کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹک ٹاک انتظامیہ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو ٹک ٹاک ایپ کے اکاونٹس میں مقامی قوانین  کے تحت تبدیلی لانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ترجمان پی ٹی اے کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے اجلاس میں ٹک ٹاک انتظامیہ کے اقدامات کے جائزہ لینے کے بعد ایپ کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس کے ساتھ ہی ترجمان پی ٹی اے نے بتایا کہ ٹاک ٹاک کی مشروط بحالی کا فیصلہ ہوا ہے اور انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ یہ مواد دوبارہ شائع نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں:غیر اخلاقی مواد شیئر کرنیکامعاملہ،”ٹک ٹاک” پر پابندی عائد

ترجمان نے کہا کہ جو اکاونٹ ممنوعہ مواد پھیلانے میں ملوث رہے انہیں بلاک کیا جائے گا اور اکاونٹس کو مقامی قوانین کے مطابق چلایا جائے گا۔خیال رہے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے 9 اکتوبر کو عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کی تھی