پی ایم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم نوجوانوں کی ترقی کے متعدد پروگراموں پر مشتمل ہے، شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے گزشتہ روز پی ایم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کا آغاز کیا،یہ نئی سکیم نوجوانوں کی ترقی کے متعدد پروگراموں پر مشتمل ہے،خواتین، ٹرانس جنڈر اور خصوصی افراد کو اس سکیم سے فائدہ اٹھا کر قومی ترقی میں حصہ لینا چاہیے۔

 اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پی پی ای ایف قرضوں سے لے کر لیپ ٹاپ سکیم سے لے کر خود روزگار سکیم تک مسلم لیگ( ن)نے میاں نواز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ لون سکیم کے تحت نوجوان آسان شرائط و ضوابط پر 75 لاکھ تک کے قرض کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔5 لاکھ روپے تک کے قرض پر کوئی سود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی خواتین، ٹرانس جینڈرز اور خصوصی افراد کو درخواست دینے اور قومی ترقی میں حصہ ڈالنے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔۔