ٹپال نے میزان چائے کے خلاف دائر مقدمہ و اپس لے لیا


اسلام آباد:ملک کی معروف چائے کمپنی ٹپال ٹی نے میزان چائے کے خلاف دائر مقدمہ و اپس لے لیا،ٹپال چائے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کے حوالے سے میزان چائے کے خلاف کوئی شواہد پیش نہ کر سکی،اسے مجبوراٹلیکچول پراپرٹی ٹریبونل سے اپنی درخواست واپس لینا پڑی۔

تفصیلات کے مطابق اکتوبر 2019 کو ٹپال ٹی کمپنی نے چائے کی ایک قسم ”دانے دار“ پر اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے میزان چائے کمپنی پر انٹلیکچول پراپرٹی ٹریبونل اسلام آباد میں درخواست دیکر کیس دائر کروایا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ”دانے دار“کا ٹریڈ مارک ٹپال کی ملکیت ہے اور کوئی بھی کمپنی دانے دار کے نام کو اپنے برانڈ پر استعمال نہیں کرسکتا،

دائر دعوے میں مزید کہا گیا تھا کہ میزان چائے ہمارے رجسٹرڈ ٹریڈ مارک سے ملتے جلتے نشانات،رنگ اور ڈیزائن کواستعمال کر کے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ جبکہ میزان کی طرف سے کہا گیا کہ ”دانے دار“کوئی رجسٹرڈ ٹریڈ مارک نہیں ہے اور نہ ہی اسے ٹریڈ مارک کے طور پر رجسٹرڈ کرایا جا سکتا ہے ، ٹربیونل کو ٹپال ٹی کمپنی کے وکلاء دلائل سے مطمئن نہیں کرسکے کیونکہ”دانے دار“ چائے کی ایک مخصوص قسم ہے نہ کہ کوئی برانڈاوردانے دارچائے کے علاوہ بھی کئی مصنوعات کے نام کے ساتھ استعمال کیا جا تا ہے۔

جس پر ٹپال ٹی کمپنی کے وکلاء نے معزز ٹربیونل سے کیسز واپس لینے کی درخواست کی۔ٹریبونل نے کیسز سے دستبرداری کے ساتھ ہی معزز ٹربیونل نے مقدمہ خارج کردیا۔

واضح رہے کہ میزان کمپنی نے ٹپال ٹی کمپنی کے خلاف  کمپنی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے الزام کا مقدمہ اسلام آباد ہائی کورٹ  میں دائر کروایا ہے جس پر عدالت کی جانب سے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ میزان چائے قومی سطح پر ایک جا نا پہچانا برانڈ ہے جسے عوام کا بھر پور اعتماد حاصل ہے میزان چائے نے قلیل عرصے میں نہ صرف ملک کے اندر اپنی ساکھ بنائی ہے بلکہ اس کے ذائقے اورخوشبو کی وجہ سے سے عوام میں بے پناہ مقبول ہے۔