شہدائے گاؤکدل کی 33ویں برسی  پر سرینگر میں کل ہڑتال ہوگی۔حریت کانفرنس


سری نگر:مقبوضہ کشمیر میں کل شہدائے گاؤ کدل کی 33ویں برسی کے موقع پر سرینگر کے سول لائنز اور ملحقہ علاقوں میں ہڑتال ہوگی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس  نے شہدائے گاؤ کدل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سرینگر کے سول لائنز اور ملحقہ علاقوں میں ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔

یاد رہے بھارتی فورسز نے 21جنوری1990 کوگاؤکدل  سری نگر میں وحشیانہ اور ہولناک قتل عام میں 52بے گناہ اور نہتے شہریوں کوشہید اور 250کوشدید زخمی کردیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں اور اور تنظیموں نے گاؤکدل کے شہدا  کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی قابض فورسزنے یہ قتل عام اس وقت کیا جب کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے سیاسی اور مسلح جدوجہد کا آغاز کردیا تھا۔کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ غلام محمد خان سوپوری، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی ، ڈاکٹر مصیب، مولانا ساجد ندوی، جموں و کشمیر مسلم لیگ اور تحریک حریت جموں و کشمیر نے سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

گاؤ کدل قتل عام کے متاثرین نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے ایک عظیم اور مقدس مقصد کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں جو ان کا پیدائشی حق ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے گاؤ کدل قتل عام کے شہداکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداقربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کشمیری عوام کی بے مثال قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے 21 جنوری 1990 کو سرینگر کے علاقے گا کدل میں پرامن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے پچاس سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مظاہرہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میںخواتین کی بے حرمتی کیخلاف کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر طاقت کے زور پر قبضہ کر رکھا ہے اور اس نے اپنی فورسز کو کشمیریوں کو قتل کرنے کا لائسنس دے رکھا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گاو کدل، ، بجبہاڑہ، سوپور اور ہندواڑہ، کپواڑہ اور قتل عام کے دیگر دلدوز واقعات نام نہاد جمہوری ملک بھارت کے ماتھے پر ایک بدنما دھبہ ہیں۔حریت رہنماں نے کہا کہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے بھارت کومقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے کی شہ مل رہی ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں اور جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فوجی افسروں ، اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

دریں اثناحریت رہنماؤں نے آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر میجر جنرل (ر) سردار انور خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔