الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت بونیرمیں یتیم بچوں کے لئے آغوش سنٹرکا سنگ بنیاد


بونیر:الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت بونیر میں یتیم بچوں کے لئے آغوش الخدمت بونیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔اس حوالے سے تورورسک بونیر میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی،

تقریب کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کی جبکہ مہمان خصوصی سینیٹر سراج الحق تھے۔اس کے علاوہ الخدمت خیبرپختونخوا کے صدر خالد وقاص،الخدمت خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل شاکر صدیقی، سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بخت جہان خان ایڈووکیٹ اور دیگر الخدمت ذمہ داران سمیت اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد بھی موقع پر موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید احسان اللہ وقاص نے بتایاکہ آغوش الخدمت بونیر15کینال رقبے پر تعمیر کیا جائے گا جس میں مجموعی طور پر 130 یتیم بچوں کو قیام و طعام، صحت و تعلیم اور ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائیگا۔آغوش کی 3منزلہ عمارت 3سال میں مکمل ہوگی جس پر مجموعی طور7کروڑ70لاکھ روپے لاگت آئے گی۔

انھوں نے آغوش بونیر کے لئے زمین عطیہ کرنے پر تورورسک کی ممتازسماجی شخصیت اور ماہر امراض قلب پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن وطن عزیز میں یتیم بچوں کی کفالت کرنے والے سب سے بڑا ادارہ ہے۔الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت 13ہزار سے زائد یتیم بچوں کی ان کے گھروں میں کفالت کے ساتھ ساتھ والدین کی شفقت سے محروم بچوں کے لئے آغوش ہومز کا قیام بھی عمل لایا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:شہباز شریف 14روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اس وقت الخدمت کے تحت ملک بھر میں 12جبکہ ترکی میں شامی بچوں کے لئے1آغوش ہوم قائم کیا گیا ہے جن میں مجموعی طور پر 9سوسے زائد بچے مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ 8مزیدآغوش ہومز زیرِ تعمیر ہیں۔ اس موقع پرسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ الخدمت کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں، الخدمت فاؤنڈیشن کی یتیم بچوں کے لئے کی جانے والی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔