شنوائی نہ ہوئی تو جماعت اسلامی کے مینڈیٹ چرانے کے خلاف تمام آر او زکے دفاتر کے باہر درھرنا دیں گے۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں تنائج کی تبدیلی اور دھاندلی کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اپیل اور امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی ہدایت پر جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے مختلف اضلاع لاہور،قصور،گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ،اوکاڑہ سمیت پور ے صوبے میں بھر پور احتجاج کیا گیا ۔

مظاہرین نے اس موقع پر الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ،احتجاج کے شرکاء نے ہاتھوں میں مختلف بینرز ، فلیکس اور چارٹ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ۔ احتجاج میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر اور ردوبدل نے سارے انتخابی عمل کو مشکوک بنا دیا ہے ۔

تمام سیاسی پارٹیوں کو اس پر خدشات ہیں۔شہر قائد کے باسیوں نے جماعت اسلامی پر واضح اکثریت سے اعتماد کا اظہار کیا ہے ، عوام کی جانب سے ملنے والے مینڈیٹ کو چرانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دینگے ۔سعید غنی انتخابات سے پہلے ہی جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے درمیان معمولی فرق کی پیشنگوئی کر چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ۔ان کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔

کراچی کی 95یوسی میں ہمارے امیدواروں کے فارم 11اور12ہمارے پاس ہیں،جن میں سازش کے ذریعے 9میں نتائج تبدیل کر کے ہمیں دوسرے نمبر پر لایا گیا ہے جبکہ 10نشستیں پر ری کاونٹنگ کی درخواست کر چکے ہیں۔پیپلز پارٹی جماعت اسلامی کی اکثریت کو کھلے دل سے قبول کرے ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کراچی میں سنگل لارجسٹ پارٹی بن کر ابھری ہے۔شنوائی نہ ہوئی تو اپنے مینڈیٹ کو چرانے کے خلاف تمام آر او زکے دفاتر کے باہر درھرنا دیں گے اوردرست نتائج کے نہ ملنے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا