نتائج درست ہونے پر پیپلزپارٹی کی 2 یو سیز جماعت اسلامی کراچی کو مل گئیں، جماعت اسلامی کراچی کی مجموعی نشستوں کی تعداد 88 ہوگئی

کراچی(صباح نیوز)کراچی بلدیاتی انتخابات کی دو یوسیز کے نتائج درست ہونے پر دونوں نشتیں پیپلز پارٹی سے چھن کر جماعت اسلامی کراچی کو مل گئیں۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق اورنگی ٹاون یوسی 6 پر فارم 11 کی تصحیح کے بعد جماعت اسلامی کے امیدوار حاشر عمر 4252 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔

دوسری جانب ضلع شرقی صفورہ یوسی 01 پر فارم 11 کی تصحیح کے بعد جماعت اسلامی کے امیدوار حبیب الرحمان 1824 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ہیں۔نتائج درستگی کے بعد کراچی سے جماعت اسلامی کی مجموعی نشستوں کی تعداد 88 ہوگئی جب کہ پیپلز پارٹی 91 سیٹوں پر آگئی۔

واضح رہے کہ کراچی کے سات اضلاع میں موصول نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 93 نشستوں کے ساتھ سرفہرست تھی۔ جماعت اسلامی 86 نشستوں کے ساتھ دوسرے جب کہ تحریک انصاف 40 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
اب تک کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی میں میئر کے انتخاب کے لیے سیاسی اتحاد ضروری ہوگا۔