سید علی گیلانی کی تقریر سننے پر 73 سالہ کشمیری پر بغاوت کا مقدمہ درج


سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمین سید علی گیلانی  کی تقریر سننے کے الزام میں 73 سالہ کشمیری  پر بغاوت کا  مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔

ایف آ ئی آر میں جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے اروانی سے تعلق رکھنے والے محمد یوسف مکرو  پر الزام ہے کہ انہوں نے 2011 میں  ایک جنارے میں شرکت کی تھی جس سے سید علی گیلانی نے خطاب کیا تھا۔

محمد یوسف مکرو کو 24 اگست 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا۔کے پی آئی کے مطابق  گزشتہ دنوں انہیں ڈسٹرکٹ جیل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ محمد یوسف مکرو  کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ مقدمے میں انہیں بغاوت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں: جماعت اسلامی آزاد کشمیر نےمیجر (ر) لطیف خلیق کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

پولیس رپورٹ کے مطابق ، سید علی گیلانی اور محمد یوسف مکرو نے بیج بہاڑہ کے لوگوں کو جمع کیا تھا اور جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے حریت کو مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ڈسٹرکٹ جیل اسلام آباد منتقل کے موقع پر پولیس حراست میں ان کا کہنا تھا کہ  2011  میں  کچھ نوجوان  بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہوگئے تھے اور گیلانی بھی نماز جنازہ پڑھنے آئے تھے۔ میں نے اور علی گیلانی نے اجتماع سے خطاب کیا تھا۔