مسلم لیگ (ن) زرداری ڈاکٹرائن میں ٹریپ ہو گئی، لیاقت بلوچ

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر قائمہ کمیٹی سیاسی و قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) زرداری ڈاکٹرائن میں ٹریپ ہو گئی، کراچی میں پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور پی ڈی ایم گٹھ جوڑ ناکام ہو گیا، ترازو کراچی میں جیتے گا ، جماعت اسلامی پنجاب اور خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،

لیاقت بلوچ ایک مشاورتی اجلاس و الخدمت یوتھ گیدرنگ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، منصورہ کمیٹی روم میں سیاسی، انتخابی اور ملکی حالات پر مہنگائی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) زرداری ڈاکٹرائن میں ٹریپ ہو گئی، سیاسی قومی قیادت نے مذاکرات، شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات پر بات چیت کے دروازے بند کر کے سیاست، جمہوریت اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ جماعت اسلامی پنجاب اور خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، ترازو نشان اسلامی انقلابی منشور ہمارا لائحہ عمل ہو گا۔ کارکنان، خواتین اور نوجوان پاکستانی سیاست، جمہوریت اور پارلیمانی نظام کو مفاد پرستوں سے آزاد کرائیں گے۔ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے عام انتخابات کا بیک وقت انعقاد سیاسی استحکام کا ذریعہ بنے گا وگرنہ ادھورا انتخاب فساد، بے یقینی اور مرکز و صوبوں میں شدت وانتہا پسندی لا سکتا ہے۔

لیاقت بلوچ نے الخدمت یوتھ گیدرنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی خاندانی، سماج اور ملک و ملت کا جوہری ستون ہیں۔ باکردار، باعزم اور محب دین و محب وطن نوجوان پاکستان کے لیے ایٹم بم سے زیادہ طاقتور اور استحکام پاکستان کی لکیر ہیں، نوجوان اپنی ہمت، عزم اور مسلسل جدوجہد سے کامیابی کا ہر دروازہ کھول سکتے ہیں۔ جاگیرداری، سرمایہ داری، مفاد پرستی اور منافقانہ طرز سیاست نے پوری قوم کو مایوس کیا ہے، نوجوان حالات کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے، حالات کو بدلیں گے۔ گوادر اور مالاکنڈ ڈویژن میں عوامی بیداری اور مفاد پرست مافیا کی شکست پورے ملک کے لیے نوید سحر بنے گی۔ نوجوان دلیر، بہادر، دیانت دار محنتی اور اللہ اور اس کے رسولۖ کے عشق سے سرشار ہو تو سب معرکے سر ہوں گے۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ مولانا ہدایت الرحمن گوادر کے عوام کے دلوں پر راج کر رہے ہیں، قید و بند گوادر کی آئینی، سیاسی، جمہوری مزاحمت کو اور مضبوط بنا دے گی۔ حکومت پرامن تحریک کو ریاستی طاقت سے ختم نہیں کر سکتی۔ کراچی میں پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور پی ڈی ایم گٹھ جوڑ ناکام ہو گیا، ترازو کراچی میں جیتے گا۔