آصف زرداری اوربلاول بھٹو کی پشاور میں پولیس تھانہ پر حملے کی مذمت،اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق وزیرصدرمملکت آصف علی زرداری نے پشاور میں پولیس تھانہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کااظہار کیا ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں پولیس تھانہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ناقابل معافی ہیں، دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہاربھی کیا ہے۔ جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کااظہار کیا ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ قابل تشویش ہے، خیبر پختونخوا کی حکومت نے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے،پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملے ریاست سے جنگ کے مترادف ہیں،وفاقی حکومت دہشت گردوں ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو عبرتناک انجام تک پہنچائے ۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کو متحرک کرکے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے۔ آصف علی زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔