وزارت داخلہ کی کراچی،حیدرآباد کے  کل ہونے والے  بلدیاتی الیکشن میں ایف سی کی تعیناتی کی ہدایت


اسلام آباد(صباح نیوز)وزارت داخلہ نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کے دوران ایف سی کی تعیناتی کی ہدایت کردی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں  کل ( اتوار کو) ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران سکیورٹی کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تعیناتی کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر ایف سی کی تعیناتی کی ہدایت کی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایف سی کی تعیناتی کی تاریخ اورعلاقہ، سندھ حکومت، الیکشن کمیشن اور فرنٹیرکانسٹیبلری سے مشاورت سے طے کریں۔

واضح رہے کہ جی ایچ کیو کی جانب سے اسٹیٹک تعیناتی سے انکار کے بعد الیکشن کمیشن نے انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنزپرفرنٹیرکانسٹیبلری کی اسٹیٹک تعیناتی کی درخواست

کی تھی۔

ادھر حیدرآباد میں بھی کل ( اتوار کو) بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے لیے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ۔

ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ کے مطابق حیدرآباد میں کل( اتوار کو)پرامن پولنگ کے لیے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کیلئے حیدرآباد کو چار زون میں تشکیل دیا گیا ہے اور ہر زون کا انچارج ایس ایس پی ہوگا۔

ایس ایس پی حیدرآباد کے مطابق حیدرآباد کے 9ٹائون میں 732 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے جن میں 232 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس اور 500 کو حساس قرار دیا گیا ہے، حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کیمرے بھی لگائے جائیں گے جبکہ انتہائی حساس اسٹیشن پر 8 اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر4 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

ایس ایس پی حیدرآباد کا کہنا تھا کہ شہر میں دہشتگردی اوربم دھماکے کے حوالے سے تھریٹ کی اطلاعات ہیں تاہم یہ جنرل تھریٹ ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں پرامن ماحول میں پولنگ کے لیے بہتر انتظامات کیے ہیں تاہم پرامن انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔