پنجاب کو لوٹنے، اجاڑنے والوں کو عوام ووٹ نہیں دیں گے، ووٹ کی طاقت سے فارن ایجنٹ کا صوبے سے بھی صفایا کریں گے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کو لوٹنے، اجاڑنے والوں کو عوام ووٹ نہیں دیں گے، ووٹ کی طاقت سے  فارن ایجنٹ کا صوبے سے بھی صفایا کریں گے،  پنجاب میں ترقی کے رکے عمل کو پھر سے شروع کریں گے،  چار سال پنجاب کے وسائل لوٹنے والوں سے صوبہ پاک ہوگیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب  نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہاہے کہ چار سال پنجاب کے وسائل لوٹنے والوں سے صوبہ پاک ہوگیا، الحمدللہ ، پنجاب کے وسائل اور پنجاب کے عوام کی محنت کی کمائی سے ہیرے کی انگوٹھی خریدنے والوں کو پنجاب کی عوام پہچان گئی ہے،  فارن ایجنٹ کا وفاق کی طرح ووٹ اور الیکشن کی طاقت سے پنجاب سے بھی صفایا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کی طاقت سے ان لٹیروں فارن ایجنٹس اور فرنٹ مینوں کا خاتمہ کریں گے، چار سال بشری بی بی، فرح گوگی اور فرنٹ مینوں کے ذریعے وفاق اور پنجاب کو لوٹا گیا، پنجاب میں پھر خوش حالی کا دور شروع کریں گے، پنجاب کے عوام مفت علاج اور تعلیم، بہترین سڑکوںکو ووٹ دیں گے، پنجاب میں ترقی کے رکے عمل کو پھر سے شروع کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ چار سال میں پنجاب کے عوام سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے، ان شااللہ ملک کو ڈیفالفٹ کے کنارے دھکیلنے والوں کو عوام  ووٹ نہیں دیں گے،پنجاب کے باشعور عوام اپنی ترقی کو ووٹ دیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ  پنجاب کے عوام بہروپیوں، فارن ایجنٹس اور چوروں کو ووٹ نہیں دیں گے، پنجاب کو لوٹنے، اجاڑنے اور ویران کرنے والوں کو عوام ووٹ نہیں دیں گے۔