حکمران رہنے والی پارٹیوں نے عوام کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا، امیر العظیم


لاہور:سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہا ہے کہ ہماری منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے۔تمام سیاسی پارٹیوں نے عوام کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پتو کی میں مسلم لیگ نون لاہور ڈویژن کے سینئر نائب صدر راجہ ستم ظہیر سمیت درجنوں با اثر افراد کی جماعت اسلامی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے پنجاب کے امیرجاوید قصوری ضلعی اختر علی،سیکرٹری سردار نور احمد ڈوگر،گروپ لیڈر حاجی محمد رمضان اور نئے شامل ہونے والے راجہ رستم ظہیر ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

امیر العظیم نے کہا کہ عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے،سرمایہ دار چڑھتے سورج کے پجاری ہیں جو بار بار پارٹیاں بد ل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کر لیتے ہیں۔ جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان کرپٹ افراد کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی ہی جمہوریت کی بالادستی اورترقی کی ضامن ہے۔تمام ترقی یافتہ ممالک نے اسی راستے پر چلتے ہوئے دنیامیں اپنا لوہامنوایاہے۔ملکی حالات کی بے یقینی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں نے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ملک کی موجودہ سنگین صورتحال کے باعث پوری قوم اور بیرون ملک آباد پاکستانی بے انتہا پریشان ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں برسوں سے جاری کرپٹ نظام کو ختم کرنے کا وقت آن پہنچاہے۔مٹھی بھر اشرافیہ پورے ملک پرقابض ہے 74برس سے جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوام کو یرغمال بنایاہواہے۔ ناقص حکومتی پالیسیوں کی بدولت غریب غریب تر اور امیر امیر ترہوتا چلاجارہاہے۔ انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں اورمشیروں کو حاصل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے سابق سیاسی پارٹیوں کی پالیسیوں سے اکتائے اور اسلامی انقلاب کے خواہش مند ہزاروں افراد جوق در جوق جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں انشا ءاللہ آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی قوت بن کر ابھرے گی اور عوام کے مسائل حل کرے گی۔