وزیراعظم شہباز شریف سے اماراتی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات،پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بریفنگ

دبئی(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروںکے وفد نے ملاقات کی ہے، وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں  کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی (ADQ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب محمد حسن السویدی اور انٹرنیشنل ہولڈنگز کمپنی (IHC) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید بصر شویب اور دیگر شامل تھے۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ہماری حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دینے کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔ ملاقات کے دوران وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں  کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو  خوراک اور زراعت، ہوا بازی، بجلی، متبادل توانائی بشمول شمسی توانائی ، مالیاتی خدمات، صحت کی دیکھ بھال، صنعت، لاجسٹکس، رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں پاکستان کی جیو اکنامک پوٹینشل پر بریفنگ دی گئی۔

 محمد حسن السویدی نے اے ڈی کیو  کی عالمی موجودگی کو بڑھانے اور پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے  دلچسپی ظاہر کی۔  مشرق وسطی کے خطے کی سب سے بڑی ہولڈنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کے پاس ابوظہبی کی نان آئل معیشت کے کلیدی شعبوں کا احاطہ کرنے والے بڑے کاروباری اداروں کے متنوع پورٹ فولیو ہیں۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار،وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف،  وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق،  وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ سالک حسین اور  اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔