کل جماعتی کانفرنس، ن لیگی وفد کی قیادت شہباز، مریم کریں گے

اسلام آباد :حزب اختلاف کی اتوار کوبلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کے لئےپاکستان مسلم لیگ ن نےاپنے 11رکنی وفد کا اعلان کردیا ، وفد میں مریم نواز بھی  شامل ہیں ۔

اے پی سی میں شریک ہونے کیلئے مسلم لیگ ن کے 11 رکنی وفد کی قیادت قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازشریف کریں گی ۔

مسلم لیگ نواز کی طرف سے اعلان کردہ دیگر ممبران مین سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وزیرداخلہ خواجہ آصف ، سابق وفاقی وزیر احسن اقبال ، قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر ایازصادق،سینیٹر پرویزرشید ، سابق وزیر ریلوے سعد رفیق ، مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ ، امیرمقام اورسابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی اے پی سی میں شرکت کرنے والے وفد کا حصہ ہوں گی ۔

دوسری طرف لندن میں علاج کی غرض سے موجود سابق وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں ورچوئل شرکت کی دعوت قبول کرلی ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے رابطہ ہوا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ نوازشریف سے کچھ دیر پہلے بات کی ہے اور ان سے خیریت دریافت کی ہے ۔

مزید پڑھیں: عوام کو اے پی سی سے ریلیف ملے گا،شاہد خاقان

انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کو آل پارٹیز کانفرنس میں ورچوئل شرکت کی دعوت دی ہے۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق نوازشریف نے اے پی سی میں ورچوئل شرکت پر رضا مندی ظاہر کردی ہے ۔