ایشیا کی 50 کامیاب خواتین کی فہرست جاری،سینیٹر شیری رحمان کا نام بھی شامل

اسلام آباد(صباح نیوز)فوربز میگزین کی طرف سے ایشیا کی 50 کامیاب خواتین کی  جاری فہرست  میں سینیٹر شیری رحمان کا نام  بھی شامل  ہے۔ فوربز میگزین کی طرف سے ایشیا کی 50 کامیاب خواتین کی فہرست جاری کر دی گئی، فوربز کی اس فہرست میں پاکستان کی وفاقی وزیر اور پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان کا نام شامل ہے۔

فوربز میگزین کی جانب سے ایشیا پیسیفک سے 50 سال سے زیادہ عمر کی 50 خواتین کی فہرست جاری کی گئی ہے جو اپنے شعبہ جات میں نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔ فوربز میگزین کے مطابق 50 سال سے زائد عمر کی یہ 50 خواتین خطے کی اگلی نسل کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں، کاپ 27 میں سینیٹر شیری رحمان عالمی خبروں پر چھائی رہیں۔  فوربز میگزین کے مطابق کانفرس میں لاس اینڈ ڈیمیجز سے متعلق فنڈ کا نیا معاہدہ طے پایا گیا، شیری رحمان صحافی،

وزیر اطلاعات اور امریکہ میں سفیر رہ چکی ہیں۔ فوربز میگزین نے مزید بتایا کہ شیری رحمان 2018 میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے عہدے پر فائز ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون ہیں،  شیری رحمان کو اپریل 2022 میں پاکستان کی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مقرر کیا گیا۔ وہ نشان امتیاز کے ساتھ دیگر اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔ فوربز میگزین کے مطابق فنانشل ٹائمز نے شیری رحمان کو 2022 کی 25 بااثر خواتین میں شامل کیا۔