گلگت بلتستان میں عوام کے جذبات سے کھلواڑ بند ہونا چاہیے،عبدالرشید ترابی


باغ:چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا سرمایہ مثبت سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کریں ،دنیا میں جہاں بھی انقلاب یا تبدیلی کی تحریک چلی نوجوانوں نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا.

جنوبی باغ کھڑا بٹ میں والی بال ٹورنامنٹ میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انتخابات جیتنے کے لیے گلگت بلتستان کے عوام کے جذبات سے کھلواڑ بند ہونا چاہیے گلگت بلتستان کے عوام کو سیاسی اور آئینی حقوق مسئلہ کشمیر کو متاثر کیے بغیر فراہم کیے جائیں ،الزام تراشی اور پگڑی اچھالنا دین میں منع ہے ،بے لوث عوام کی خدمت بڑے اجر والا کام ہے ،جماعت اسلامی نظام عدل کے قیام اور اصلاح معاشرہ کی جدوجہدکررہی ہے ،جماعت اسلامی محض سیاسی جماعت نہیں بلکہ غلبہ دین کی تحریک ہے ،مقبوضہ کشمیر کے اندر نریندرمودی مظالم کی انتہا کررہا ہے نوجوان جہاد کی بھی تیاری رکھیں ،شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ،جنوبی باغ کے مسائل ہمیشہ ترجیح اول میں رکھے ہیں ،۔

یہ بھی پڑھیں:نریندرمودی نے سوا کروڑکشمیریوں کو گزشتہ 14ماہ سے یرغمال بنا رکھا ہے:عبدالرشید ترابی

ان خیالات کااظہار انہوں نے جنوبی باغ کھڑا بٹ میں والی بال ٹورنامنٹ میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سردار تنویر،سردار رشید،سردار وقار سمیت دیگر نوجوانوں نے گفتگو کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزاد خطہ ہمارے اسلاف نے جہاد کے ذریعے اس لیے آزاد کروایا تھا کہ یہاں قرآن کا نظام اور شریعت کا قانون ہو گا یہاں کے عوام قرآن وسنت کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کریں گے رشوت اور سفارش کے بغیر عدل کیا جائے گا تھانے اور کچہریاں امن کے گہوارے ہوں گے میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمتوں میں بھرتیاں کی جائیں گی اور بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے بیس کیمپ کا کردار ادا کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ابھی تک یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوا جماعت اسلامی اسی خواب کی تعبیر کے لیے میدان جہاد میں ہے نوجوان بھرپور طور پر جماعت اسلامی میں شامل ہو کر اپنا کردار اداکریں ۔

انہوں نے کہاکہ 73سالوں میں پہلی مرتبہ میرٹ کی بنیاد پر محکمہ تعلیم نے ہزاروں لوگ بھرتی ہوئے جن میں غریبوں کے بچے سب سے زیادہ ہیں ان کے بچوں کے لیے بھی سرکاری ملازمتوں کے دروازے کھلے جو رشوت اور سفارش نہیں کروا سکتے تھے جن کا کوئی وزیر اور ممبر اسمبلی واقف نہیں تھا اس پر جماعت اسلامی نے بھرپور کردار ادا کیا جس پر میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جماعت اسلامی کی کوششوں او ر کاوشوں سے آزادکشمیر کا تعمیراتی بجٹ دوگنا ہوا محکموں میں اصلاحات کی گئیں انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ آزاد خطہ ایک اسلامی فلاحی ریاست بنے اور بیس کیمپ کا حقیقی کردار ادا کرے ریاست کا بڑا حصہ ابھی تک دشمن کے قبضے میں ہے اس کو آزاد کروانا ہم سب پر فرض ہے ۔