کراچی کے مختلف علاقوں میں رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری


کراچی: صوبائی دارلحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ رات گئے بھی جاری رہا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بھی کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا، بجلی کی بندش سے لیاقت آباد سی ون ایریا، بھٹہ ویلیج، کیماڑی کے مختلف علاقے، لیاری، کھارادر، نیاآباد اور کھڈا مارکیٹ سمیت شہر کے مختلف علاقے متاثر رہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق لیاری، کھارادر کے علاقے میں ہر دو گھنٹے بعد تین گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں لوڈشیڈنگ: نیپرا نےکے الیکٹرک پر 20 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے ایس ایس جی سی اعلامیے کے مطابق کمپنی کو گیس سپلائی میں کمی کا سامنا ہے، ایس ایس جی سی کو سپلائی مسائل کی وجہ سے کے الیکٹرک کو گیس پریشر میں کمی واقع ہوئی ہے، گیس میں کمی کے باعث بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہے، جس کے باعث چند علاقوں میں عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جا سکتی ہے۔

ترجمان کے مطابق ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس پریشر کی بحالی کے ساتھ عارضی لوڈمینجمنٹ ختم کر دی جائے گی۔