پاکستان کی سعودی عرب پرحوثی باغیوں کے حملوں کی شدید مذمت


اسلام آباد; پاکستان نے حو ثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی خود مختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس پر حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی جانب سے کئی بے گناہ شہریوں کی جانیں بچانے کیلئے کئے گئے دفاعی اقدامات کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور جارحیت کے خلاف اس کے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے،

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے کامیاب دفاع قابل ستائش ہے، یمن میں کشیدگی میں اضافہ پر تشویش ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے یمن کی جانب سے حوثی باغیوں نے بارود سے بھرے ڈرون سے سعودی عرب پر حملہ کیا تھا جسے عرب اتحادی فورسز نے کامیابی سے ناکام بنا دیا تھا۔