وزیر اعظم عمران خان بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، قتل پر سخت قانون لائیں :چودھری شجاعت حسین


اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں بڑھتے ہوئے سنگین جرائم خاص کر (Child Abuse) بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے جرائم کو ختم کرنے کیلئے قانون بنائیں ہماری پارٹی اس قانون میں ان کا بھر پور ساتھ دے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم عمران خان نام نہاد لوگوں کی پروا نہ کریں یہ لوگ آتے جاتے رہتے ہیں اور ان میں سے بہت سے ایسے ہوتے ہیں جن کو ہمارے ملک کے حالات کا پتہ ہی نہیں ہوتا اور وہ ہمیں مشورہ دینے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جس پر یہ گزرتی ہے اس کا دکھ صرف وہی سمجھ سکتا ہے اس لئے عمران خان کو اپنے ملک کی خاطر خود فیصلہ کرنا چاہیے ۔

موٹر وے سانحہ موٹر وے پر پیش نہیں آیا بلکہ یہ سانحہ موٹر وے سے تین چار میل دور پیش آیا جبکہ شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے خواہ مخواہ موٹر وے کی تعمیر میں اپنا حصہ تو ڈال دیا لیکن جرم کا کوئی ذکر نہیں کیایہ تو ایسا ہے کہ سابق صدر زرداری کے سامنے انہوں نے ان کی تعریف تو کر دی لیکن وہ یہ بھول گئے کے انہوں نے ہی سابق صدر زرداری کو پھانسی پر لٹکا نے کے بعد ان کی لاش کو خود سڑکوں پر گھسیٹنے کا کہا تھا اور جوش میں یہ بات کرتے ہوئے مائیک بھی توڑ ڈالا تھا۔

مزید پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس،عابداورشفقت کا تیسراساتھی بھی گرفتار

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان قومی اسمبلی میں کورونا پر بات کرنے کے بجائے ہائی کورٹ سے استدعا کریں کہ ایسے سنگین جرائم کے فیصلہ سننے کے لئے خصوصی عدالتوں کو قائم کریں اور یہ خصوصی عدالتیں ایک ہفتے میں فیصلہ کریں بروقت فیصلوں کے بعد سنگین جرائم میں نمایا کمی آئے گی اور عوام میں خوف و ہراس کا خاتمہ ہو گا