وزیراعظم جمعرات سے یو اے ای کا2روزہ دورہ کریں گے،صدر شیخ محمد بن زید النیہان سے ملاقات شیڈول

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف 12 سے 13 جنوری تک متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان کی دعوت پر یو اے ای کا دورہ کر رہے ہیں، وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا یو اے ای کا تیسرا دورہ ہو گا۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلی حکام شریک ہوں گے، اپنے دورے کے دوران شہباز شریف یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید سے ملاقات کریں گے، جس میں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے اور یو اے ای میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

شیڈول کے تحت وزیر اعظم اپنے یو اے ای کے ہم منصب، نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی کی جائیں گی۔ تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ متحدہ عرب امارات تقریبا 17 لاکھ پاکستانیوں کا مسکن ہے جو گزشتہ پانچ دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی کامیابی کے ساتھ ساتھ دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات مشترکہ عقیدے اور روایات، مشترکہ تاریخ اور ورثے پر مبنی قریبی اور برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے رہنمائوں کے باقاعدگی سے اعلی سطح کے تبادلے اور دورے باہمی تعلقات کی اہم خصوصیت ہیں۔