ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ردعمل کے لیے مرتب کردہ فریم ورک کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے ،چیئرمین این ڈی ایم اے

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ردعمل کے لیے مرتب کردہ فریم ورک کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے تاکہ اس اس فریم ورک سے استفادہ اٹھاتے ہوئے مستقبل میں آنے والی قدرتی آفات سے بہتر انداز میں نمٹا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کی مشترکہ میزبانی میں کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان کے موضوع پرمنعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں کیا جہاں پر انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی پاکستان کی جدید تیاریوں پر روشنی ڈالی۔

لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدرملک نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور پیشن گوئی سے متعلق قومی کوششوں کے نیشنل کوآرڈینیٹر کے طور پر این ڈی ایم اے نے حالیہ سیلاب کے دوران نہ صرف اپنے تمام آرکائیو شدہ تجربات کا تنقیدی جائزہ لیا بلکہ اس سے سیکھنے اور اسی لچک اور عزم کا مظاہرہ کرنے کا بھی منتظر ہے جیسا کہ ان سیلابوں کے دوران ملک اور پاکستانی قوم نے دکھایا،ہم سمجھتے ہیں کہ آفات اور ہنگامی صورتحال دنیا اور پاکستان کی مختلف طور پر فعال معیشتوں کے لیے مختلف معنی رکھتی ہے جبکہ یہ گزشتہ سیلاب سے بحالی کے ایک نازک مرحلے سے گزری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جیسا کہ سائنسی تخمینے مستقبل میں اس طرح کے سیلابوں کے دوبارہ آنے کی پیشین گوئی کرنے کے قابل ہیں، لہذااس نے اتھارٹی کے لیے یہ زیادہ ضروری ہے کہ وہ نہ صرف آنے والی مشکلات سے بچا اور ریلیف کے لیے تیاری کرے بلکہ بیک وقت ایک سے زیادہ آفات سے نمٹنے کے لیے بھی تیار رہے