عمران کی مقبولیت کو سیاسی انجینئرنگ سے کم نہیں کیا جاسکتا، بیرسٹر سیف


پشاور (صباح نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت کو سیاسی انجینئرنگ سے کم نہیں کیا جاسکتا ہے۔

بیرسٹر سیف نے  نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک پر سرٹیفائڈ چور قابض ہیں جو یہ ملک نہیں کریمنل مافیا آرگنائزیشن چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ساس وقت ملک دیولیہ ہونے کے قریب ہے لیکن  یہ خود کھرب پتی ہوگئے ہیں اور اگر ملک کو حقیقی معنوں میں بچانا ہے تو ایک بار پھر انتخابات کی طرف جانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں عوام کو حق ملنا چاہیے کہ وہ اپنی قیادت کو خود منتخب کریں تاکہ حکومت کو عوام کی حمایت حاصل ہوگی۔

ترجمان کے پی حکومت کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن نہیں ہوئے تو یہ حکومت اسی طرح کبھی جنیووا میں کشکول لے کر پھریں گے کبھی آپس میں لڑیں گے جبکہ اس طرح کے حالات میں نا کوئی سنجیدہ کام ہوسکتا ہے اور نہ ہی کوئی سنجیدہ پالیسی بن سکتی ہے۔دہشتگردی کے واقعات کے متعلق انہوںنے کہا کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گرد کارروائیاں ہورہی ہیں اور سکیورٹی فورسز بھی اقدامات کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سکیورٹی صورتحال اتنی خراب نہیں معاشی صورتحال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ قبائلی علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے فنڈز مہیا کئے جائینگے تاہم وہ اب تک ادا نہیں کئے گئے ہیں جو کہ 200 ارب سے زائد بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کو اس کا حق ادا کریگی تو یقینا کے پی میں بہتر نظر آئیگی، پولیٹیکل انجینئرنگ اس ملک میں سیاست کا ایک اہم جزو ہے اور ہر دور میں اس طرح کی انجینئرنگ ہوتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کبھی مائنس نہیں کیا جاسکتا ہے جس کی مثال 13 جماعتوں کی شکست ہے ، کراچی کی سیاست میں ایک طرح کا انتشار موجود ہوتا ہے، کراچی میں سیاسی انجینئرنگ کی کوشش کی جارہی ہے اور اس طرح کے چھوٹے اتحاد سے عمران خان کی مقبولیت کو  کم نہیں کیا جاسکتا ہے۔