نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ26جنوری کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں پکڑ دھکڑ

سری نگر: نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ26جنوری کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر بھر میں بھارتی فورسز کے محاصرے تلاشی اور پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں ۔کے پی آئی کے مطابق  لائن آف کنٹرول کے ساتھ تمام ضلعی علاقوں میں ہندوستانی فوج، بارڈر سیکورٹی فورس اور ولیج ڈیفنس گارڈز کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔فورسز کا جموں، راجوری، پونچھ، کٹھوعہ، سانبہ اور کشتواڑ اضلاع میں تلاشی مہم اور  رات کا گشت جارہی ہے۔

ضلع سانبہ میں دو ماہ سے رات کا کرفیو نافذ ہے،  سری نگر میں مختلف مقامات بالخصوص سیول لائنز میں متعدد جگہوں پر فورسز کے  نئے ناکے لگائے گئے ہیں۔ مختلف مقامات بالخصوص لالچوک ،ایم اے روڑ، قمرواری، عیدگاہ، سکہ ڈافر، کاکہ سرائے، بڈشاہ چوک، پارمپورہ اور منور آبامیں چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ ان چیک پوائنٹس پر تعینات سیکورٹی فورس اہلکار گاڑیوں  اور شہریوںکی تلاشی لے رہے ہیں۔

بعض ناکوں پر سراغ رساں کتوں کی مدد سے گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔  خانیار، نوہٹہ، گوجوارہ ، حول ، صراف کدل ، بہوری کدل ، راجوری کدل علاقوں میں بھی فورسز کی جانب سے تلاشی لی جارہی تھی۔جموں وکشمیرمیں نام نہاد یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں منعقد ہوگی ، جبکہ سری نگرمیں  بھی تقریب ہوگی۔