ملک کے مختلف علاقوں میں کل سے بارش کی پیشگوئی


اسلام آباد(صباح نیوز)محکمہ موسمیات نے کل  سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات نے بدھ 11 جنوری سے جمعہ 13 جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  آج (منگل سے) مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان کے علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، جو11  جنوری سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہوں گی، اور اسی روز کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین میں بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق11 سے 13 جنوری کے دوران مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران اسلام آباد، چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، بنوں، کرک میں بھی بادل برسیں گے اور سرگودھا، میانوالی، خوشاب ، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارروال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، ساہیوال اور لاہور میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بونیر میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جب کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر، جہلم، منڈی بہاوالدین اور ڈیرہ غازی خان میں دھند پڑنے کا امکان ہے، جب کہ سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد اور موہنجوداڑو میں بھی دھند پڑے گی۔