بلاول بھٹو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے۔

اسلام آباد (صباح نیوز)پیپلزپارٹی کے سربراہ چیئرمین وزیرخارجہ  بلاول بھٹو زرداری جنیوا میں ڈونرز کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ جنیوا میں کانفرنس کے دو اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد ملکی تعمیر نو کے حوالے سے اقوام متحدہ اور پاکستان کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کل(پیرکو) جنیوا میں ہوگی۔

پاکستان اقوام متحدہ، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور یورپی یونین کی مدد سے تیار کردہ دستاویز پیش کرے گا جو آفات کے بعد کی امداد کی ضرورت ہے۔کانفرنس میں درجنوں ممالک کے سربراہان مملکت، وزرا اور نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متعدد بین الاقوامی مالیاتی اور ترقیاتی اداروں، نجی شعبے کے نمائندوں اور این جی اوز کو بھی جنیوا میں ہونے والی کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔

پاکستان جنیوا میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے ذریعے ملک کی تعمیر نو کے لیے آفات کے بعد امداد کی ضرورت پر بین الاقوامی اداروں کی رپورٹ کے تناظر میں مدد کی اپیل کرے گا۔یہاں پیپلزپارٹی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز پاکستان کے  وزیر خارجہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب سے ہوگا۔ وہ جنیوا میں کانفرنس کے دو اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس عالمی کانفرنس کے ابتدائی سیشنز کی صدارت کریں گے۔ جنیوا میں عالمی کانفرنس سے  مختلف ممالک کے سربراہان مملکت، وزرا اور نمائندے بھی خطاب کریں گے۔