کراچی : امدادی کاموں کے لئے 700 ملین روپے گرانٹ کی منظوری

انٹرنیٹ فوٹو

کراچی: وزیر اعلی  سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے  میں  بارش سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں کے لئے 700 ملین روپے گرانٹ کی منظوری دے دی ہے اور متاثرہ لوگوں کے مویشیوں کے لئے خوراک ، مچھردانیاں ، خیموں ، اور چارے کی تقسیم کی مناسب فراہمی کے لئے ہدایت جاری کردی  ہیں۔

انہوں نے امدادی  رقم کی منظوری صوبے میں بارش سے متاثرہ تمام اضلاع میں امدادی کاموں کا جائزہ  اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں مشیر قانون مرتضی وہاب ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو / ریلیف کمشنر قاضی شاہد پرویز ،وزیراعلی سندھ  کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، کمشنر کراچی سہیل راجپوت ، ایڈمنسٹریٹر  کے ایم سی افتخار شہلوانی ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ  انہوں  نے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردری کے ہمراہ  بارش سے متاثرہ اضلاع ، کراچی ، میر پورخاص ، عمرکوٹ ، تھرپارکر ، سانگھڑ اور بدین کا دورہ بھی کیا اور دیکھا  کہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ ۔انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں کے لوگ  اپنے مویشیوں کے لئے چارے اور مچھردانیوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔

امدادی کاموں کے لئے فنڈز کی پوزیشن کا جائزہ لیتے ہوئے  وزیر اعلی سندھ  نے سیکریٹری خزانہ حسن نقوی کو فوری طور پر 700 ملین روپے جاری کرنے اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور پی ڈی ایم اے کو  فراہم  کرنے کی ہدایت کی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا  کہ ان کا محکمہ اور پی ڈی ایم اے بارش سے متاثرہ لوگوں کی  ہر طرح  سے  مدد کرے گا لیکن جہاں تک چارہ اور جانوروں کو مدد کی فراہمی کا تعلق ہے تو یہ محکمہ لائیو اسٹاک کا کام ہے۔

اس پر چیف سیکریٹری ممتاز شاہ نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک نے پہلے ہی ملیر ، سرجانی ، بدین ، عمرکوٹ ، میرپورخاص ، سانگھڑ اور تھرپارکر میں اپنے ویٹنری  کیمپ لگا رکھے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ کو یقین دلایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک بارش سے متاثرہ لوگوں کے مویشیوں کو چارہ فراہم کرے گا۔ وزیر اعلی سندھ نے یہ بھی کہا کہ وہ بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے فنڈز کا بندوبست کرنے اور جلد سے جلد ان کی بحالی کے منصوبے پر عمل پیرا چاہتے ہیں۔