پنجاب کو سرمایہ کاروں کیلئے سب سے بہترین صوبہ بنایا ہے,عثمان بزدار


لاہور:  وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس نے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو سرمایہ کاروں کیلئے سب سے بہترین صوبہ بنایا ہے ۔سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ایک چھت تلے فراہم کردہ سہولتوں کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔سرمایہ کاری کے لئے کوئی فائل تاخیر کا شکار نہیں ہوگی اور کاروباری سرگرمیاں تیز کرنے کے عمل میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبے کیلئے شاندار پیکیج دیا ہے۔تعمیراتی شعبوں سے متعلقہ اجازت ناموں کے حصول کیلئے ون ونڈو سسٹم متعارف کرادیا ہے۔تعمیرات سے متعلقہ این او سی اور نقشہ جات کی منظوری اب ای خدمت مراکز سے ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاروںاورعوام کو دفتروں کے چکر لگانے کی زحمت سے بچایاہے۔ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ خدمات کے این او سی کے اجراء کیلئے ٹائم فریم مقرر کیاگیا ہے اور درخواست گزار کو مقررہ مدت میں این او سی اور اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رہائشی یا کمرشل عمارتوں کی تعمیر کیلئے نقشے کی منظوری 30 دن اور کمرشلائزیشن کنورژن کا این او سی صرف 45 دن میں مہیا کیا جائے گا۔نئی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے 60 روز اور ٹی ایم ایز سے 75 روز میں ہوگی۔انہوںنے کہا کہ ان خدمات کیلئے ماضی میں عوام کو کئی کئی ماہ دفاتر کے چکر کاٹنے پڑتے تھے۔پنجاب میں ای گورننس سے معمولات زندگی اور طرز زندگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔پنجاب میں سرمایہ کاروں اور عوام کیلئے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک فرسودہ سسٹم کو عوام کی سہولت کیلئے آسان ترین بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی۔راوی ریور فرنٹ جیسے منصوبے سرمایہ کاری کے عمل میں حقیقی گیم چینجر ثابت ہوتے ہیں۔سرمایہ کاروں کیلئے  13 سپیشل اکنامک زون بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنی زیادہ سرمایہ کاری بڑھے گی، روزگار کے مواقع اسی قدر زیادہ ہوں گے۔چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔