بھارتی حکومت نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی مزید جائیدادیں قرق کر لی ہیں

سری نگر: بھارتی حکومت نے جماعت اسلامی  مقبوضہ کشمیر کی مزید جائیدادیں قرق کر لی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی تحقیقاتی ایجنسی(ایس آئی اے) نے جنوبی کشمیر کے  مختلف مقامات پر جماعت اسلامی کی مزید جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ ضلع اسلام آباد کے علاقوں سرہامہ، ودی سری گفوارہ اور ارونی کے علاوہ کولگام قصبے میں  جماعت اسلامی کی جائیدادوں کی نشاندھی کر کے انہیں سیل کیا گیا ہے ۔ ان  جائیدادوں میں دو منزلہ مکان کے ساتھ 7 مرلہ اراضی، 56 کنال زرعی اراضی، 02کنال 7 مرلہ اراضی، 3 کنال 4 مرلہ اراضی اور 1.5 کنال اراضی شامل ہیں۔

ایس آئی اے کے   ایک افسر نے کہا کہ جائیدادوں کو ایس آئی اے کی طرف سے درج ایک مقدمے کے سلسلے میں ضبط کیا گیا ۔یاد رہے کہ بھارتی حکام مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی سے وابستہ افراد اور جماعت اسلامی کی جائیدادیں بڑے پیمانے پر ضبط کر رہے ہیں تاکہ جدوجہد آزادی میںکردار پر انہیں سزا دی جا سکے۔ ایس آئی اے نے مقبوضہ علاقے میں جماعت اسلامی کی 188 جائیدادوں کی نشاندہی کر رکھی ہے جن میں سے بیسیوں ضبط کی جاچکی ہیں ۔