کراچی ، رینجرزاور پولیس کا آپریشن،انتہائی مطلوب 7ملزمان گرفتار


کراچی(صباح نیوز) رینجرز اور سندھ پولیس نے مشترکہ کومبنگ آپریشن کے دوران مسقطی محلہ اورنگی ٹائون سے 7 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس کا مسقطی محلہ اورنگی ٹائون اورملحقہ علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف 15گھنٹے سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری رہا۔آپریشن کے دوران مشتبہ افراد کا بائیو میٹرک ویری فکیشن کے بعد متعدد مقدمات میں انتہائی مطلوب 7ملزمان گل زمان، امیر خان، محمد طفیل، حماد، پرویز، محمد زبیر، محمد فاروق، ذیشان علی سمیت 3 ڈکیت، 21اسٹریٹ کریمنلزاورغیر قانونی شہریت رکھنے والے ایک افغان باشندے کو حراست میں لیا۔

ملزمان کے قبضے سے 2 تیس بور پسٹل، بارہ بور شاٹ گن، ایک خنجر، 8 عددمختلف اقسام کا ایمونیشن، 20عدد چوری شدہ موبائل فون اور بھاری مقدار میں گٹکا اور چھالیہ بھی برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزمان کوبمعہ اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نیعوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔