پاکستان بیت المال کے منصوبہ کے تحت کراچی کے مستحق خاندانوں میں پہلی ماہانہ امدادی رقم کا اجرا

کراچی(صباح نیوز)یتیم بچیوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کے لئے شروع کئے جانے والے پاکستان بیت المال کے منصوبہ آرفنز اینڈ وڈوز سپورٹ پروگرام کے تحت کراچی کے مستحق خاندانوں میں پہلی ماہانہ امدادی رقم کا اجرا کردیا گیا۔ کراچی میں منعقدہ تقریب میں خواتین ونگ پی پی پی کی صدر اور ممبر صوبائی اسمبلی فریال تالپو ر مہمانِ خصوصی تھیں جبکہ ان کے ہمراہ سنیٹر وقار مہدی اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ بھی تقریب میں شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فریا ل تالپور نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے کا مشن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی صورت میں شروع کیاجس کی مدد سے آج ملک بھر کی خواتین اور بچوں کو معاشی و معاشرتی حقوق فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے سماجی تحفظ کے میدان میں نہایت قلیل وقت میں بے شمار اہداف کے حصول پر ایم ڈی عامر فدا پراچہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تعلیم و تربیت دیتے ہوئے انہیں خود انحصار اور باوقار زندگی کے راستے پر گامزن کر نا انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سنیٹر وقار مہدی نے یتیم اور غریب بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت کے لیے پاکستان بیت المال کے اقدامات کو نہایت موثر اور اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یتیم بچیوں کی ان کے گھروں میں کفالت اور تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ بیوہ خواتین کی امداد کے لیے پروگرام کے آغاز پر پاکستان بیت المال کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ منصوبے کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ایسی بیوہ خواتین کو چنا گیا جن کی کم از کم ایک بچی زیرِ تعلیم ہے۔یہ رقم بچیوں کوتعلیم دلوانے کی صورت میں ادا کی جاتی ہے، ایک بچی سکول بھیجنے پر 8ہزار روپے ماہانہ جبکہ ایک سے زیادہ بچیوں کو سکول میں داخل کرانے پر والدہ کو 12ہزار روپے ماہانہ ادا کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا ایک انفرادی اور اہم منصوبہ ہے جس سے بیوہ خواتین کی ہمت بڑھے گی کہ وہ اپنی بچیوں کی بہترین انداز سے کفالت اور تعلیم و تربیت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت رقم کی ادائیگی کو شفاف اور موثر بنانے کے لئے یو بی ایل اومنی ڈیجیٹل بینک کی مدد سے اقساط کا اجرا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو (شہید) کے وژن پر عمل کرتے ہوئے غریب اور نادار افراد کو امید اور خوشی کے راستے پر گامزن کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے