زراعت، فارمنگ کے فروغ کے لئے جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے،صدرمملکت


اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں زراعت سے متعلقہ کاروبار کی بہتری،زرعی پیداوار میں اضافہ اور پاکستان میں فارمنگ انڈسٹری کے فروغ کے لئے جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے،بہتر فصل کےلئے زیادہ سے زیادہ ٹیکنالوجیکل سلوشنز اختیار کئے جائیں۔

وہ ایوان صدر میں فوڈ سیکیورٹی اورزراعت میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق،وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام ،وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین،سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام،شعیب صدیقی،سیکرٹری سائنس وٹیکنالوجی کیپٹن ریٹائرڈ نسیم نواز نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزیر سید فخر امام نے اجلاس کو وزارت کی جانب سے زراعت کی بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ ان کی وزارت زرعی شعبہ میں روایتی طریقوں میں تبدیلی لانے کے لئے مدد کرے گی۔وزیر آئی ٹی نے اجلاس کو بتایا کہ ان کی وزارت کاشتکاروں کو زرعی اطلاعات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اپلیکیشن بنائے گی۔

اس موقع پر زرعی شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ان تمام وزارتوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پرزوردیا گیا۔اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ زراعت کے شعبہ میں جدت لانے کے لئے روڈمیپ کی تیاری کیلئےوزارت قومی فوڈ سیکیورٹی قائدانہ کردار ادا کرے گی۔اجلاس میں کسانوں کا ڈیٹا بیس تیار کرنے اور انسانی وسائل کی تربیت کی ضرورت پر زور دیا گیا جو فوڈ سیکیورٹی اور زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو کلیدی عنصر ہے۔

صدر مملکت نے تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے حوالے سے اجلاس کی بھی صدارت کی۔ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل لٹریسی تعلیم اور فنی تربیت کے فروغ کے لئے لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ فاصلاتی تعلیم کے ذریعے انسانی وسائل کو آن لائن سکل ایجوکیشن اور اور تربیت دینے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم وتربیت شفقت محمود نے کووڈ 19 کے دوران وزارت کی جانب سے آن لائن تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا۔صدرمملکت نے ملک میں فاصلاتی تعلیم کے لئے وزارت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔اجلاس میں ریکٹر نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد اصغر اور چئیرمین نیوٹیک سید جاوید حسن نے بھی شرکت کی۔