صدر، وزیراعظم،وزیرخارجہ،داخلہ و دیگر رہنماؤں کی لکی مروت میں پولیس وین پر حملے کی مذمت


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،وزیراعظم شہباز شریف،وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری،وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور شہداء کیلئے بلندی درجات، ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر مملکت عارف علوی نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، قوم اپنے شہدا پر فخر کرتی ہے۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مادر وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، پورا ملک ان کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف ہر اول دستے کا قابل فخر کردار ادا کیا ہے، خیبرپختونخواا حکومت شہدا ء کو اعزازات اور شہدا پیکج دے، شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی شہدا ء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی لکی مروت میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبرپختونخواحکومت حملے میں ملوث درندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے، خیبرپختونخوا پولیس کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں بے مثال اور لازوال ہیں، مجھ سمیت پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہدا کے درجات کے بلندی کی دعا کی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیر داخلہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی لکی مروت حملے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی۔محمود خان کا کہنا تھا پولیس شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، وزیراعلی محمود خان نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے لکی مروت میں پولیس پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں 6 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ و افسوس ہے، پولیس اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی میں جام شہادت نوش کیا، شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔