ملائیشیا کے وزیر اعظم نے پارلیمنٹ تحلیل کردی


کولالمپور(صباح نیوز)ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب نے پارلیمنٹ تحلیل کردی۔

غیر ملکی خبررساںادارے کے مطابق سیاسی جماعتوں کی جانب سے مون سون کے موسم میں سیلاب کے پیش نظر انتخابات کے انعقاد پر احتجاج کے باوجود ملائیشین وزیر اعظم نے  پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا۔ملائیشین پارلیمنٹ کی تحلیل کے اعلان کے ساتھ ہی قبل از وقت ملک کے 15 ویں عام انتخابات کی راہ ہموار ہو گئی۔ ملائیشین وزیراعظم پر مضبوط مینڈیٹ لینے کیلئے دباؤ تھا۔ اس اعلان کے ساتھ مینڈیٹ لوگوں کو واپس کر دیا گیا۔

اسماعیل صابری یعقوب کے مطابق عوام کا مینڈیٹ ملک کے سیاسی استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملائیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ رعایت الدین بھی ان کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہیں۔انہوں نے آئندہ انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے بتایا کہ ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔واضح رہے کہ پارلیمنٹ تحلیل ہونے کے 60 روز کے اندر انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔