مقبوضہ کشمیر میں دو مختلف واقعات میں دو لڑکیاں ماری گئی ہیں


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں  دو مختلف واقعات میں دو لڑکیاں جاں بحق ہوگئی ہیں ۔ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والی سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کی دو طالبات ضلع گاندربل کے علاقے سلورہ میں اپنے کرائے کے کمرے میں بے ہوش پائی گئیں۔

حکام نے بتایا کہ دونوں طالبات کو ضلع اسپتال گاندربل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے ایک کو مردہ قرار دے دیا جس کی شناخت شبناز کے نام سے ہوئی ہے جب کہ دوسری کو جس کی شناخت زیان کے نام سے ہوئی ہے، مزیدعلاج کے لئے سرینگر کے اسپتال منتقل کیا گیاہے۔پولیس کے سٹیشن ہاوس آفیسر گلزار احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دوسری لڑکی کی حالت مستحکم ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ یہ واقعہ دم گھٹنے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ادھر ضلع اودھمپور کے علاقے برنارا کے قریب دھاما پل پر ایک ماروتی کار ایک گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی جس کی شناخت بارہ سالہ نیہا دیوی کے نام سے ہوئی ہے کی موت ہو گئی اور خاندان کے پانچ دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے ۔