نئی دہلی (صباح نیوز)سابق بھارتی کرکٹر، سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ نوجوت کور کو خوراک کے ذریعے کینسر ختم کرنے کے دعوے پر 850 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھیج دیا گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چھتیس گڑھ سول سوسائٹی کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں نجوت کور سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 7 دن کے اندر نوجوت سنگھ سدھو کے دلائل کا ثبوت پیش کریں، ورنہ گمراہ کن دعوے پر 850 کروڑ روپے ادا کریں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نوجوت سدھو کے دعوے لوگوں کے ذہنوں میں ایلوپیتھک ادویات اور علاج کے بارے میں منفی رجحان پیدا کریں گے، اور یہ دعوی کینسر کے مریضوں کو ادویات درمیان میں چھوڑنے پر مجبور کر رہا ہے، جس سے ان کی زندگیوں کو خطرات بڑھ رہے ہیں۔مزید کہا گیا ہے کہ غلط معلومات نے مریضوں کی صحت کو خطرے میں ڈال دیا ہے، نوجوت کور اپنے شوہر کے بیان پر اپنا موقف واضح کریں۔
واضح رہے کہ 23 نومبر کو سابق بھارتی کرکٹر، سیاستدان اور ٹی وی میزبان نوجوت سنگھ سدھو نے حیران کن دعوی کیا تھا کہ انہوں نے صرف خوراک کی تبدیلی، بہتر غذا اور دیسی طریقے سے اہلیہ کا چوتھے اسٹیج کا کینسر ختم کیا جبکہ اسی طریقے انہوں نے اپنی جگر کی چربی کی بیماری کا بھی علاج کیا۔