دورہ پاکستان پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو سکیورٹی تحفظات ہیں، بھارتی وزارت خارجہ


نئی دہلی (صباح نیوز )بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)نے بیان دیا ہے کہ سکیورٹی تحفظات ہیں۔ نئی دہلی سے جاری بیان میں ترجمان بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے دورے پر بی سی سی آئی کا جو بیان ہے وہ دیکھیں۔ دوسری طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)چیمپنئز ٹرافی کیلئے مستقبل پر غور کیلئے بلایا گیا اجلاس 15 منٹ بعد ہی ملتوی کردیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت آئی سی سی کے ساتھ مل کر ایونٹ کیلئے ایک قابل قبول آپشن تلاش کریں گے۔

بھارتی ہٹ دھرمی اور پاکستان کے مضبوط موقف کے بعد آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی کے مستقبل پر بات کرنے کیلئے جمعہ کو بورڈ اجلاس بلایا جس میں ابتدائی مشاورت کے بعد یہ طے ہوا کہ پاکستان اور بھارت آئی سی سی کے ساتھ مل کر ایک ایسا آپشن تلاش کریں گے جو سب کو قبول ہوگا۔ اس عمل میں دو سے تین دوست بورڈز بھی شامل ہوسکتے ہیں اور اس کو 24 سے 48 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔ ہائبرڈ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم رہا، پاکستان نے اپنے موقف میں کوئی لچک نہیں دکھائی، پاکستان نے اپنے موقف سے متعلق بریفنگ دی۔

اس سے قبل بھارت نے مکمل چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے باہر لے جانے کیلئے لابنگ شروع کر رکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بھارتی حربوں کے توڑ کیلئے تیاری مکمل کرلی ہے، بورڈ کوئی بھی آپشن اپنی شرائط کے بغیر تسلیم نہیں کرے گا۔