اسلام آباد(صباح نیوز )اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایڈز کا عالمی دن یکم دسمبر کو منایا جائیگا۔ایڈز کے مرض کو دریافت ہوئے 27 سال سے زائدکا عرصہ گذر چکا ہے اور اس دوران ایڈز کے مرض سے دنیا بھرمیں تقریبا 2.5 کروڑ افراد کو ہلاک جبکہ 4کروڑ سے زیادہ افراد اس موذی مرض سے متاثر ہوئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ 15 لاکھ افراد ایڈز سے متاثر ہور ہے ہیں ۔جن میں سے تقریبا 85فیصد افراد میں ایڈز کی تشخیص کی جا چکی ہے جبکہ 15فیصد افراد ابھی بھی اپنی بیماری کے بارے میں لاعلم ہیں۔ایڈزسے بچائو کے حوالے سے عالمی دن منانے کا مقصد اس مرض سے بچائو کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس موذی مرض سے بچایا جاسکے ۔ ایڈزکے عالمی دن کی مناسبت سے سرکاری و غیر سرکاری اداروں ، طبی اور فلاحی تنظیموں کے زیراہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔