غزہ میں نسل کشی کے جنگی جرائم میں امریکہ برابر کا مجرم ہے ،عزت الرشق


دوحہ (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت( حماس) کے سیاسی بیورو کے رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ غزہ میں ہونے والی نسل کشی میں امریکہ برابر کا مجرم ہے ،بین الاقوامی فوجداری عدالت کا جنگی مجرم نیتن یاہو اور گیلنٹ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ انصاف کی اقدار اور انسانیت کے تحفظ کی فتح کی نمائندگی کرتا ہے ۔ایک بیان میں الرشق نے آئی سی سی کے فیصلے کی مخالفت کرنے پر امریکی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن پہلے غزہ میں نسل کشی کی جنگ کے خاتمے کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد کے خلاف تنہا کھڑا تھا۔حماس کے رہنما نے کہا کہ قرارداد کی امریکی انتظامیہ کی مخالفت طاقت کے تکبر اور بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام کی کمی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جنگی مجرموں کا دفاع “فلسطینیوں کے خلاف ہونے والے نسل کشی کے جرائم میں اس کی مکمل شراکت کا اظہار ہے۔ الرشق نے تمام ممالک سے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے ساتھ تعاون کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ بینجمن نیتن یاہو اور یوآو گیلنٹ کی قیادت میں جنگی مجرموں کے خلاف مقدمہ چلایا جائے اور انصاف سے فرار ہونے کو روکا جا سکے۔