حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللہ کاجسد خاکی ملنے کی تصدیق


بیروت(صباح نیوز)لبنان کے میڈیکل اورسیکیورٹی ذرائع نے ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللہ کا جسد خاکی ملنے کی تصدیق کردی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی خبر کے مطابق حسن نصراللہ کا جسد خاکی بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے سے نکالا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید حسن نصراللہ کے جسم پر کوئی براہ راست زخم نہیں ہے۔اگرچہ حزب اللہ نے ہفتہ کو  ایک بیان میں حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق کردی تھی لیکن بیان میں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ اصل میں انہیں کیسے مارا گیا، تنظیم نے یہ بھی نہیں بتایا تھا کہ ان کی آخری رسومات کب ادائی کی جائیں گی۔تاہم لبنان کے میڈیکل اور سیکیورٹی دونوں ذرائع نے کہا کہ ان کے جسم پر کوئی براہ راست زخم نہیں تھا اور ایسا لگتا ہے کہ موت کی وجہ دھماکے کی شدت سے ہونے والا طاقتور اثر تھا۔رپورٹس میں دعوی کیا گیاکہ بیروت پر اسرائیلی فوج نے 5،5 ہزار پاؤنڈ کے بم برسائے، ایف 35 لڑاکا طیاروں نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، سات گھنٹے تک وقفے وقفے سے ہونے والی بمباری کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔حسن نصرااللہ کی شہادت کے بعد حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ تنظیم کی قیادت اس بات کا عزم کرتی ہے کہ وہ دشمن کا مقابلہ کرنے، غزہ، فلسطین کی حمایت، لبنان اور اس کے ثابت قدم اور قابل احترام عوام کے دفاع میں اپنا جہاد جاری رکھے گی۔