اپوزیشن لیڈرعمر ایوب خان  کی پنجگور میں فائرنگ سے 7مزدوروں کے قتل کی شدیدمذمت


اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب خان بلوچستان کے علاقے پنجگور میں فائرنگ سے 7 مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

اپوزیشن لیڈر نے بلوچستان میں فائرنگ کے نتیجہ میں 7 بے گناہ مزدوروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس  اور مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔انھوں نے کہا ہے کہ بے گناہ محنت کش اور  مزدوروں کو بے دردی سے قتل کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ  اس واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ غم اور دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ اپوزیشن لیڈر نے اللہ تعالی سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی ہے ۔